ایتھنز: گزشتہ روز یونان کے جنگل سے غیر قانونی طور پر ترکیہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران آتشزدگی میں بری طرح جل کر ہلاک ہونے والے 18 تارکین وطن کی لاشیں ملی تھیں جب کہ آج مزید 3 جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان سے متصل ترکیہ کی سرحد کے نزدیک بری طرح جلی ہوئی 18 لاشیں ملی تھیں اور آج مزید 3 افراد کی ہلاکت سے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21 ہوگئی۔
آگ نے جنگل کے دو دیہاتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں اسکول، قبرستان اور درجنوں گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔
یاد رہے کہ یونان کے دو جنگلات الیگزینڈروپولس اور کاوالا کے علاقے میں آتشزدگی کا آج چوتھا 5 واں روز ہے جسے بجھانے کے لیے 4 طیارے، 3 ہیلی کاپٹرز اور 200 سے زائد فائر فائٹرز اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں تاہم آگ پھیلتی ہی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ یونان میں جنگلات میں ہر سال موسم گرما میں تباہ کن آگ لگ جاتی ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی میں جنگلات میں آگ لگنا معمول بنتا جا رہا ہے اور اس وقت بھی امریکا، آسٹریلیا اور یونان سمیت کئی ممالک کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔

0 Comments